بیجنگ (جیوڈیسک) وزیر اعظم نوازشریف نے بیجنگ میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی۔جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ چین ریاستی گارنٹی کی مد میں پاکستان سے انشورنس کی رقم وصول نہیں کرے گا۔ بیجنگ میں گریٹ ہال آف پیپل پہنچنے پر چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کو چینی فوج کے دستے نے سلامی دی،اس کے بعد دونوں رہنماوں کی ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا، پاکستان میں سرمایہ کاری اور مواصلات کا نیٹ ورک بچھانے پر بھی گفتگو ہوئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست پر چینی قیادت نے فیصلہ کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ریاستی گارنٹی کی مد میں انشورنس کی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔اس فیصلے سے پاکستان کو کروڑوں روپے کی چھوٹ ملے گی۔
اس موقع پروزیر اعظم کی جانب سے پاک چین اقتصادی ٹاسک فورس کے سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی گئی۔ ملاقات کے دوران چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کے خطے پر مثبت اثرات پڑیں گے، پاک چین دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے، جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو نئے دور میں لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔