افغانستان : پولیس مرکز میں خودکش دھماکے سے12 اہلکار ہلاک

Afghanistan Orozgan

Afghanistan Orozgan

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صوبہ اورزگان میں پولیس مرکز کے اندر خودکش بم دھماکے کے باعث 12 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ افغان پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ افغانستان کے صوبے اورزگان کے علاقے ترین کوٹ میں واقع پولیس مرکز میں اس وقت ہوا جب نماز جمعہ سے فارغ ہو کر پولیس اہلکار کھانا کھا رہے تھے، دھماکے کے باعث 12 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جن میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

اس سے قبل آج صبح بھی چمن کے ساتھ پاک افغان سرحد پر باب دوستی کے ساتھ افغان حدود میں خود کش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پانچ افغان سرحدی فورس کے اہلکاروں سمیت 8 افراد جان بحق اور 15 زخمی ہو گئے، دھماکے کے بعد پاک افغان سرحد کو آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے، خود کش حملوں کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کر لیا ہے۔