کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز نے رات سرچ آپریشن کیا۔ صدر زرداری نے بھی شہرمیں امن وامان کی صورت حال پر آج اجلاس طلب کرلیا ہے۔ لیاری میں دو گروپوں کے درمیان قبضے کی جنگ جاری ہے جس نے علاقے کے لوگوں کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں۔ امن و امان قائم کرنے کے لئے رینجرز نے رات لیاری کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران گرفتاریوں یا اسلحے کی برآمدگی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیاری میں 800 اہل کار تعینات کرنے اور 50 چوکیاں قائم کرنے پر غور کیاجارہا ہے۔ لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکا بندی کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے تاکہ اسلحے کی ترسیل روکی جاسکے۔ لیاری کی صورت حال پر پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ علاقے کا امن تباہ کرنے میں وہی عناصر ملوث ہیں جو ہمیشہ کراچی کا امن تباہ کرتے رہے ہیں۔
بلوچ اور کچھی برادری میں کوئی جھگڑا نہیں، دونوں امن سے رہنا چاہتے ہیں ، دعوی کیا گیا ہے کہ لیاری کے علاقے سے کئی ایسے دہشت گرد گرفتار کئے گئے ہیں جو دوسرے علاقوں سے دہشت گردی کے لیے وہاں آئے تھے۔ لیاری میں فائرنگ سے کل بھی تین افراد مارے گئے تھے۔ اہل علاقہ نے بے امنی کے خلاف ماڑی پور روڈ پر جنازوں کے ساتھ دھرنادیاجس سے ٹریفک معطل ہو گیا۔ مظاہرین نے وزیر اعلی ہاوس کے باہر احتجا جی دھرنا بھی دیا۔