لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ جمہوری نظام پر غریبوں اور مزدوروں کے حقوق اور ملکی سلامتی پر سودے بازی نہ کرنے پر بھٹو کو سزا دی گئی ۔لاہور میں 5 جولائی کو یوم سیاہ منانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں منظور وٹو نے کہا کہ بھٹو شہید کی سوچ اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنائیں گے۔
اپنی غلطیوں سے سیکھ کر کمزور طبقے کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو حکومت تو مل گئی مگر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، مہنگائی، امن و امان، ڈرون حملے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کہاں گئے، منظور وٹو نے کہا کہ خادم اعلی صاحب آئیں ان کے ساتھ مل کر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے تک مینار پاکستان کے نیچے کیمپ لگائیں۔