اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز نظر بندی کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ متعلقہ ادارے تعاون نہیں کر رہے، پولیس نے عدم تعاون پر پراسیکیوٹر کو آگاہ کر دیا، تعاون نہ کیا گیا تو پرویز مشرف مقدمے سے بری ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ججز نظر بندی کیس کی تحقیقات کرنیوالی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ متعلقہ ادارے تعاون نہیں کر رہے، تحقیقاتی ٹیم نے رجسٹرار سپریم کورٹ، کابینہ ڈویژن، وزارت اطلاعات، چیف کمشنراور آئی جی اسلام آباد کو خطوط ارسال کیے تھے۔
لیکن ابھی تک کسی ادارے نے جواب نہیں دیا۔رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں نظر بند کیے گئے ججوں اور ان کے اہل خانہ کے بیانات قلمبند کرنے کی درخواست کی گئی تھی جبکہ کابینہ ڈویژن اور دیگر اداروں کو ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے جاری کئے گئے۔
احکامات کی نقل فراہم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔پولیس نے متعلقہ اداروں کے عدم تعاون کے بارے میں پر اسیکیوٹر کو آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے تعاون نہ کیا گیا تو سابق صدر پرویز مشرف ججز نظر بندی کیس سے بری ہو سکتے ہیں۔