پنجاب (جیوڈیسک) انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس خان بیگ نے کہا ہے کہ جرائم اور دہشتگردی پرقابو پانے کے لئے پولیس کو جدید خطوط پر تربیت دی جارہی ہے۔ پنجاب پولیس میں سیاسی تقرریاں نہ ہوئی ہیں نہ ہوں گی۔ حکومت کی پہلی ترجیح ہے کہ پولیس کے ادارے کو مثالی بنا کرعوام کا خادم بنایا جائے۔ کرپٹ پولیس افسران اور اہلکار محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث ہیں جن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پولیس کالج سہالہ اسلام آباد میں 654 اے ایس آئی کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب اور ذرائع سے گفتگو کے دوران کہی۔
ان کا کہنا تھاکہ عوام کو فوری اورسستے انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فوری داد رسی کے لئے پنجاب بھر میں جدید ترین ماڈلز تھانے بنائے جارہے ہیں یہ منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔ راولپنڈی اور پنجاب بھر میں جرائم پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں راولپنڈی میں نئے CPO کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل ہوگا۔
پاسنگ آٹ پریڈ میں پنجاب اسلام آباد گلگت آزاد کشمیر بلوچستان اور خیبرپختنونخواہ اورموٹروے پولیس اور FIA کے ASI بھی سالانہ تربیت مکمل کرنے والوں میں شامل ہیں جنہیں دہشتگردی کے خلاف 3 ماہ کی خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔ پاسنگ آٹ پریڈ میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کو ٹرافی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام بھی دئیے گئے تقریب میں آئی جی اسلام آباد بن یامین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔