پنجاب: خسرہ سے ایک اور بچہ ہلاک، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 189 ہو گئی۔

Measles

Measles

پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب میں خسرہ سے ایک اور بچہ جاں بحق ہو گیا، صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 189 ہو گئی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق بہاولنگر میں ایک بچہ خسرہ سے جاں بحق ہوا ہے، جو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 189 ہو گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ پنجاب میں خسرہ کے 104 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،اب تک وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 21 ہزار 377 تک پہنچ گئی ہے۔ لاہور میں خسرہ کے مریض 9 بچوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، صوبائی دارالحکومت میں اب تک 5 ہزار 683 بچے متاثر ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 18 اضلاع میں انسداد خسرہ مہم میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں، 12 اضلاع میں مہم ختم ہو گئی ہے جبکہ چھ اضلاع میں 7 جولائی تک جاری رہے گی۔