کراچی: آج بھی گولیاں چلتی رہیں، پولیس اہلکار سمیت 11 جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں امن قائم کرنے کے دعوے اوراحکامات دھرے رہ گئے۔ آج بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت گیارہ افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ کراچی میں امن کی فاختہ کو دہشت گردوں نے لہولہان کردیا۔ قتل کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، کھارادر جیلانی سینٹر کے قریب فائرنگ سے کاشف جاں بحق اور صدیق زخمی ہوگیا، اورنگی ٹاون کٹی پہاڑی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، گارڈ ن میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

سپر ہائی وے پر نیو سبزی منڈی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ابدی نیند سلادیا۔ لانڈھی لالہ آباد میں مبینہ طور پر سیف الرحمن نامی شخص نے فائرنگ کرکے دلنواز نامی لڑکی اور اسکے بھانجے عمران کو قتل کردیا۔ ماڑی پور چاول گودام کے قریب فائرنگ سے ایک شخص لقمہ اجل بنا۔

لسبیلہ پل کے نیچے سے تشدد زدہ لاش ملی۔ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب پولیس اہلکار نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر کار سوار فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا جس سے پولیس اہلکاررفیق زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب پیر آباد میں مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کر لیا گیا۔