پشاور (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خیبر پختونخوا میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے وفاقی حکومت سے ایف سی پلاٹونز واپس صوبے کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور آئے، اس دوران انہیں وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں حکام نے مختلف سرکاری محکموں کے حوالے سے بریفنگ دیں۔
جبکہ آئی جی پی اور سیکریٹری داخلہ نے امن و امان کی صورتحال پر عمران خان کو بریف کیا۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کو ایف سی پلاٹونز واپس کی جائیں جو ملک کے دیگر شہروں میں خدمات انجام دے رہی ہیں تاکہ فاٹا اور بندوبستی اضلاع کو ملانے والے علاقوں کی سیکیورٹی بہتر بنائی جا سکے۔