پشاور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ نے ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ترجمان اسرار اللہ ایڈووکیٹ نے ذرائع کو بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ضمنی انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کی منظوری دے دی ہے۔
پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں این اے ون پشاور پر شبیر احمد خان، این اے 5 نوشہرہ پر آصف لقمان قاضی اور این اے 13 صوابی پر امیر نواز خان جماعت اسلامی کے امیدوار ہوں گے۔
جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی کے 23 سے سعید اختر اور پی کے 27 سے فضل ربانی ایڈووکیٹ 22 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار نامزد کئے گئے ہیں۔