ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں مسافروں سے بھری پک اپ پلیا کے کنارے سے ٹکراکر نہر میں جاگری۔واقعے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ نہر میں ڈوبنے والے 3 افراد کی تلاش جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈی جی خان کے علاقے تونسہ میں پک اپ وین چشمہ رائٹ بینک کینال کی پلیا عبور کرتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوگئی اور پلیا کے کنارے سے ٹکرا کر نہر میں جاگری۔
پلیا کے ٹکرانے سے 2 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔جبکہ وین نہر میں گرنے سے 9 افراد ڈوب گئے جن میں سے 6 کی لاشیں نکال لی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اوور لوڈنگ کے باعث پیش آیا۔وین میں 22 افراد سوار تھے اور گنجائش نہ ہونے کے باعث لوگوں کو گاڑی کی چھت پر بھی بٹھایا گیا تھا۔واقعے میں زخمی ہونے والوں کو تحصیل اسپتال تونسہ منتقل کیا گیا۔