ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال ابتر ہے۔ کے ای ایس سی کی مرکزی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے پندرہ گرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شہر کے متعدد علاقے رات گئے تاریکی میں ڈوبے رہے۔
بجلی آنے جانے کا کوئی وقت مقرر نہیں، نہ دن کو چین نہ رات کو آرام۔ بجلی کی غیراعلانیہ بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ رات میں بجلی کی بندش کے باعث کراچی کے شہری رات سڑکوں اور پارکوں میں گزارنے پر مجبور ہوگئے۔ شہر کو بجلی فراہم کرنے والی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے کے باعث پندرہ سے زائد گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن معمار، سر جانی، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی ،ایف بی ایریا ،گلشن اقبال ،سمیت شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔ ملیر سعودآباد میں بجلی کے مارے سڑکوں پر آ گئے۔ دو منٹ چورنگی پر بھی علاقہ مکینوں نے احتجاجا ڈیرے ڈال دیے۔ لوگوں نے رات بھر کے ای ایس سی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔