لیاری بدامنی : کچھی برادری کے درجنوں خاندانوں کی ٹھٹھہ نقل مکانی

Lyari

Lyari

ٹھٹھہ (جیوڈیسک) لیاری میں بدامنی کے ستائے کچھی برادری کے درجنوں خاندان نقل مکانی کر کے ٹھٹھہ کے علاقے دھابیجی پہنچ گئے، نقل مکانی کرنے والوں میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ زخمی افرادبھی شامل ہیں۔ نقل مکانی کر کے دھابے جی آنے والے لیاری کے علاقے کلری اور آگرہ تاج کالونی کے رہائشی ہیں، گاڑیوں میں نقل مکانی کر کے بے سر و سامانی کی حالت میں آنے والوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے،جنہیں گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول کے علاوہ مختلف افراد نے گھروں میں پناہ دے رکھی ہے۔

متاثرین کی جانب سے قیام امن کیلئے احتجاجی مظاہرہ بھی کیاگیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہم رات کو گھروں سے بھاگ کر یہاں پہنچے ہیں، ہمارے گھروں کو لوٹ لیا گیا ہے، ہم شہر سے جنگل میں آگئے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں نے مزید کہا کہ لیاری میں دہشت گرد لاشوں کو اٹھانے نہیں دیتے، رمضان آرہا ہے، ہمارے پاس پہننے کو کپڑے اور کھانے کو کچھ نہیں ہے۔ متاثرین کے بچوں کا کہنا تھاکہ ہم اسکول نہیں جا سکتے ہیں، آدھے پیپر دیئے ، آدھے رہ گئے ہیں، گلیوں میں کھیل نہیں سکتے۔

ہمیں اپنے گھروں کو واپس جانا ہے۔ ہمیں امن چاہئے۔ ایک زخمی خاتون نے بتایا کہ اس کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے، 4 بچے ہیں، اب وہ کما نہیں سکتی، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ایک خاتون کا کہنا تھا کہ بم کے چھرے لگنے سے اس کے معصوم بیٹا شدید زخمی ہو گیا،اب علاج کرانے کے بھی پیسے نہیں، بجلی، گیس، پانی سب بند کر دیا گیا ہے، ہم چھتوں پر بھی نہیں جا سکتے، گلیوں میں جھانک نہیں سکتے۔ متاثرین کا مطالبہ ہے کہ لیاری میں جلد امن قائم کرکے مصیبت میں گھرے لاکھوں افرادکو تحفط فراہم کیا جائے۔