ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب نے رمضان المبارک میں عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے ویزا کے اجرا کی مدت میں اضافہ کر دیا۔ عمرہ کے مناسک کی ادائیگی پندرہ دن میں کرنا ہو گی۔ سعودی محکمہ حج نے غیر ملکی معتمرین کی سہولت کے لیے عمرہ ویزوں کے اجرا کا عمل یکم رمضان سے بڑھا کر دس رمضان المبارک تک کر دیا ہے ۔
تاہم عمرہ ادائیگی کے لیے تیس کے بجائے پندرہ دنوں کا وقت مقرر کیا ہے جس کی وجہ حرم شریف کی تعمیرو توسیع کے جاری منصوبے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد بیرون ملک سے آئے مہمانوں کو فوری واپس بھیج دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں سعودی حکومت معتمرین کو لانے والی کمپنیوں سے بھی رابطے میں رہے گی تاکہ کوئی شخص یہاں بلا جواز نہ ٹھہرے۔ وزارت حج کے اعدادوشمار کے مطابق اس سال ماہ رمضان میں عمرہ ادا کرنے والوں کی تعداد چالیس سے پچاس لاکھ کے درمیان ہو گی۔