اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیرلیاقت حسین بھٹی کی ڈگری کی رپورٹ نہ دینے پر ہائیرایجوکیشن حکام کی سرزنش کی ہے۔ جسٹس اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ ایچ ای سی بااثر افراد کی ڈگری چیک نہیں کرتا اور اس نے دہرا میعار بنا رکھا ہے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ارکان پارلیمنٹ کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی ، جسٹس اعجاز چودھری نے کہا کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں چیک کر کے رپورٹ دیں، ایچ ای سی محض ڈرامے بازی کر رہا ہے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حکام نے اِستدعا کی کہ لیاقت حسین بھٹی کی سند کی تصدیق کیلئے مزید وقت دیا جائے، اس پر جسٹس اعجاز چودھری نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے کہہ رہے ہیں کہ ڈگریوں کی تصدیق کی جائے، ڈرامے بازی بند کی جائے۔