اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر ایسی قومی سیکیورٹی پالیسی تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کے ذریعے پاکستان کو پر امن اور محفوظ ملک بنایا جا سکے۔ پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اب ایک فون کال پر پالیسی تبدیل نہیں ہوسکے گی۔
قومی پالیسی کی تشکیل کی راہ میں جو روڑے اٹکائے گا اس کو اٹھا کر پرے پھینک دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف چاہتے ہیں کہ قومی سلامتی پالیسی پر پوری قوم کی تائید حاصل ہو، پالیسی پر کسی کو اختلاف نہ ہو اور ایک فون کال پر پالیسی تبدیل نہ ہو سکے،پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو کانفرنس میں شرکت کرنی چاہیے تھی ان کے باہر جانے سے مایوسی ہوئی۔