اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب حکام اوگرا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو ابوظہبی سے لے کراسلام آباد پہنچ گئے ہیں، توقیرصادق کو آج سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔ مرکزی ملزم توقیرصادق کو ابوظہبی میں نیب حکام کے حوالے کیاگیا تھا۔ انہیں نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لایا گیا۔ نیب کے تفتیشی افسر وقاص خان توقیر صادق کو پاکستان واپس لائے ہیں اورملزم کو نیب کے راولپنڈی سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
نیب حکام کاکہنا ہے کہ توقیر صادق کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا اور 14 روزہ ریمانڈ لینے کے لیے درخواست دائرکی جائے گی۔ دوران پرواز ذرائع سے بات کرتے ہوئے توقیر صادق نے کہا کہ انہیں پاکستان کے انہیں عدالتی نظام پر اعتماد نہیں ہے اور وہ عالمی عدالت انصاف میں اپنے خلاف الزامات کی تحقیقات کراناچاہتے ہیں۔ توقیر صادق نے دعوی کیا کہ انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔