کراچی، لاہور موٹر وے تعمیر ہو گی، توانائی بحران پر جلد قابو پالیں گے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) و زیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف چین کے سرکاری دورے سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ چین کے تعاون سے توانائی کے بحران پر جلد قابو پا لیں گے۔ لاہور ائرپورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی حکام نے جس طرح وزیراعظم محمد نواز شریف کے وفد کا استقبال کیا، اس سے محسوس ہوا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے۔

پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے چینی حکام سے مختلف منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں بھرپور سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے۔ چین کے تعاون سے سولر سسٹم سمیت انرجی بحران کے خاتمے کے لئے متعدد منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ نندی پور کے بند منصوبے پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ نندی پور پراجیکٹ 425 میگا واٹ کا ہو گا منصوبے کا دورہ کرنے چینی حکام جلد پاکستان آئیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطر کی حکومت ایل این جی فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں میٹرو بس سروس کا آغاز اور لاہور سے کراچی تک موٹروے منصوبے پر بھی کام جلد شروع ہو جائیگا۔ جبکہ ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میٹرو بس سروس بھی شروع کی جائے گی۔