راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم بے نظیر قتل کیس میں پرویزمشرف کو پیش نہ کرنے پر عدالت کی برہمی، عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو اڈیالہ جیل یا عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو پیش نہ کیا گیا تو جیل ٹرائل کا حکم دیں گے۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمن نے بے نظیر قتل کیس کی سماعت کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ سیکورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، ایس ایس پی آپریشن نے عدالت سے استدعا کی کہ آخری موقع دیا جائے۔ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کر دیں گے۔
پر اسیکیوٹر چودھری اظہر نے کہا کہ چالان کے نقول کی تقسیم اور فرد جرم عائد کرنے کے موقع پر پرویز مشرف کی حاضری لازمی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آخری موقع دیا جاتا ہے اس کے بعد کوئی جواز نہیں سنا جائے گا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا تو جیل ٹرائل کرنے کا حکم دیا جائے گا، بعد میں سماعت تیس جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔