کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ کراچی بے امنی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے شہر میں امن و امان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں ججوں کی سیکیورٹی اور امن وامان سے متعلق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں چیف سیکریٹری، ایڈوکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ جن مجرموں کی رحم کی اپیل مسترد کی جاچکی ہے عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے ان کی سزاوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ شہر خصوصا ریڈ زون میں سیکیورٹی کیمروں کو فوری بحال کیا جائے اورصوبے بھر کے جوڈیشل کمپلیکس کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔