ڈیرہ بگٹی(جیوڈیسک) میں دو مسلح گروپوں میں تصادم نواب اکبر خان بگٹی کے سابق سرینڈر شدہ کمانڈر عبدالرحمان عرف رحیمو بگٹی ہلاک ہو گئے۔ چیف مقدم بگٹی قبائل کے بیٹے ڈھلو خان بگٹی دو ساتھیوں سمیت شدید زخمی ہوگئے۔
گزشتہ رات بگٹی قبیلے کے چیف مقدم وڈیرہ مراد پیروزانی بگٹی کے بیٹے ڈھلو خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ڈیرہ بگٹی جارہے تھے کہ راستے میں سنگسیلہ کے مقام پر ان کا سامنا ایک مسلح گروپ سے ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ڈھلو خان بگٹی اپنے ساتھیوں سمیت شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر چیف مقدم نبی بخش بگٹی کے بیٹے اور نواب بگٹی کے سابق کمانڈر جو کئی عرصہ قبل سرینڈر ہوگئے تھے اپنے کزن کی مدد کو پہنچے دونوں گروپوں میں بھاری اور جدید ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ فائرنگ سے رحیمو بگٹی ہلاک ہوگئے۔
واقع کے بعد نامعلوم مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے زخمیوں اور رحیمو بگٹی کی لاش کو ڈیرہ بگٹی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں شدید خوف وہراس کی صورتحال بتائی جارہی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے علاقے میں اپنے جوانوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی میں کشیدگی کی وجہ سے تمام بازار بند کر دیئے گئے ہیں۔