مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو دنیا چھوڑے چھیالیس برس ہو گئے

Fatima Jinnah

Fatima Jinnah

کراچی (جیوڈیسک) بانی پاکستان قائداعظم کے شانہ بشانہ آزادی کی جدوجہد کرنے والی مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو دنیا چھوڑے چھیالیس برس ہو گئے۔ ائداعظم کی بہن، قوم کی ماں، محترمہ فاطمہ جناح تحریک پاکستان کے ہر ال دستے میں خدمات انجام دیں اور قیام پاکستان کے بعد آمریت کا ڈٹ کے مقابلہ کیا۔

محترمہ فاطمہ جناح تیس جولائی اٹھارہ سو ترانوے کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ سینئر کیمرج کرنے کے بعد انہوں نے ڈینٹیسٹ کی تعلیم حاصل کی لیکن انیس سو انتیس میں جب قائداعظم کی زوجہ کا انتقال ہوا تو محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی کا رخ بھی تبدیل ہو گیا۔

محترمہ فاطمہ جناح نے ہر محاذ پر اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدوجہد کی۔ ان کی خدمات پر قوم نے انہیں مادر ملت کا خطاب دیا۔ انیس سو چونسٹھ میں پیرانہ سالی کے باوجود انہوں نے آمریت کو للکارا اور ایوب خان کے خلاف صدارتی الیکشن میں حصہ لے کر پاکستانی قوم کو مشکل ترین حالات میں ڈٹ جانے کا سبق دیا۔

محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے کردار سے پاکستانی خواتین کے لیے ہر میدان میں آگے بڑھنے کی راہ ہموار کی۔ نو جولائی انیس سو سڑسٹھ کو تہتر برس کی عمر میں مادر ملت دنیا سے رخصت ہو گئیں مگر پاکستانی قوم اپنی ماں محترمہ فاطمہ جناح کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں پر انہیں آج بھی سلام پیش کرتی ہے۔