فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں واقع آئل مارکیٹ میں آگ لگنے کے باعث 30 سے زائد دکانیں جل گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کارخانہ بازار میں واقع آئل مارکیٹ کے ایک گودام میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے مارکیٹ کی کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ گودام میں موجود آئل ڈرموں کے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
فائرن بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ تاہم اس دوران 30سے 35 دکانیں جل گئیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔