لاہور (جیوڈیسک) ملک بھرمیں رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ مساجد میں تراویح کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ کل پہلا روزہ ہوگا۔ رمضان المبارک کے چاند پر اتفاق سے عوام نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان سے بھی چاند نظر نہ آنے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں آج ایک ساتھ رمضان المبارک کا استقبال کیا جائیگا۔
اس سال رمضان المبارک پر چاند کا تنازع سامنے نہ آنے پر سب خوش ہیں۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے گزشتہ رات ملک بھرسے کوئی شہادت موصول نہ ہونے پر رمضان کا چاند نظرنہ آنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اورصوبائی زونل کمیٹیوں کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جنھوں نے ملک بھر میں ایک چاند کے اعلان پر علما کرام کو متفق کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ رمضان المبارک کا آغاز تو ایک ساتھ ہوگیا اگر اس کے اختتام پر بھی اتفاق ہو جائے تو عید کا لطف دوبالا ہوجائے گا۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی، باجوڑ ایجنسی اور مہمند ایجنسی کے کئی علاقوں میں آج پہلا روزہ ہے۔