اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی جسٹن گریننگ نے اسلام آباد میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں برطانوی وزیر نے کہا کہ 2015 تک پنجاب میں ایک لاکھ 35 ہزارغریب ترین افراد کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ برطانیہ 2019 تک پنجاب کی ترقی کے لئے مجموعی طور پر 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی مدد سے 40 لاکھ بچے اسکولوں میں بھیجنے کے ساتھ 45 ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا جائے گا۔
تربیتی پروگرام اور خواتین کو با اختیار بنانے کے منصوبے کو پنجاب کے 18 اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پرائمری اسکولوں میں 98 فیصد داخلے کی شرح حاصل کرلی۔ برطانوی وزیر نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور فنی تربیت کے پروگرامز کا دائرہ کار دیگر صوبوں تک بھی بڑھایا جا رہا ہے، شہباز شریف نے جمہوریت کی ہمیشہ مدد کرنے اور مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر برطانوی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔