قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں پیر کو فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں ایک فوٹوگرافر بھی شامل تھا۔ بدقسمت فوٹو گرافر واقعے کی فلم بندی کررہا تھا کہ ایک فوجی نے اسے ہی نشانہ بنادیا۔ برطرف صدر محمد مرسی کے حامیوں پر پیر کی صبح فائرنگ کی گئی جس میں 51 افراد ہلاک ہوئے۔
ان بدقسمت افراد میں 26 سالہ مصری فوٹو گرافر احمد سمیر بھی شامل ہے جو مقامی اخبار کے لیے کام کرتا تھا۔ احمد سمیر مظاہرین پر مصری فوج کی فائرنگ کی عکس بندی کررہا تھا کہ ایک فوجی نے اس کا نشانہ لے کر فائرنگ کردی۔ دوسروں کی زندگی کے اہم لمحات عکس بند کرنے والے احمد سمیر نے اپنی طرف بڑھتی موت کو بھی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا اور اس کی زندگی کے خاتمے کے ساتھ ہی ویڈیو بھی ختم ہوگئی۔