ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں پارکنگ فیس کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر دیا گیا

چکوال : ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں پارکنگ فیس کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر دیا گیا۔ اور ٹھیکہ دیتے وقت قواعد و ضوابط کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ نہ ہی ٹھیکہ نیلامی مشتہر کیا گیا۔ نہ ہی عوام سے تجاویز طلب کی گئیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پارکنگ فیس کا ٹھیکہ اونے پونے داموں یعنی صرف ساڑھے چھ لاکھ روپے میں دیا گیا ہے جبکہ اس کی آمدن چالیس لاکھ سے زائد ہے۔ مذکورہ ٹھیکے کی نیلامی میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ ہسپتال کی انتظامیہ کو ٹھیکہ دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے مگر اس کے باوجود غیر قانونی طور پریہ ٹھیکہ دیا گیا ہے۔

ٹھیکہ حاصل کرنے والے ٹھیکیدار کا تعلق ضلع خوشاب سے ہے اور چکوال میں اس کا کردار بھی کچھ ٹھیک نہیں بتایا جاتا۔ یہی وجہ ہے کہ ہر روز ہسپتال میں آنے والے مریضوں سے مذکورہ ٹھیکیدار کا گلے پڑ جانا معمول بن چکا ہے۔ مذکورہ ٹھیکہ دینے کا ڈی سی او تک کو علم نہیں دوسری جانب یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس ٹھیکے کو حکومت پنجاب کے احکامات سے تشبیہ دی جا رہی ہے مگر حکومت پنجاب کا اس ٹھیکے سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت پنجاب کے آخری احکامات صوبہ بھر میں اس طرح کے ٹھیکے منسوخ کیے جانے کے ہیں اور اس کے بعد سے آج تک کوئی نیا حکم نامہ جاری نہیں ہوا۔