کراچی کے علاقے اورنگی سے پچاس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی کا علاقہ اورنگی ٹائون، ایشیا کی سب سے بڑی کچی بستی، جرائم پیشہ افراد کے لئے بہترین پناہ گاہ بھی ہے۔ جبھی تو پچاس افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والا درندہ صفت مجرم بھی اورنگی میں چھپا بیٹھا تھا۔
پولیس کو اطلاع ملی تو حرکت میں آگئی، فوری چھاپے کا بندوبست کیا گیا اور چودھری اسلم کی زیر قیادت ٹیم نے مجرم کو فرار ہونے سے پہلے جا پکڑا۔ ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم کے مطابق ملزم کو اورنگی ٹائون میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف۔ دو دستی بم، اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ چودھری اسلم کا کہنا تھا کہ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔