پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ آفیشلز کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ ترتیب دے دیا

Pakistan Cricket Board

Pakistan Cricket Board

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کو مدنظر رکھتے ہو ئے میچ آفیشلز کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ کو ترتیب دیا ہے۔ خلاف ورزی پر میچ آفیشلز کو ایک سے پندرہ سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اسپاٹ فکسنگ اور امپائر کرپشن کیس سامنے آنے کے بعد اب پی سی بی نے میچ آفیشلز کے لیئے بھی کوڈ آف کنڈکٹ تشکیل دے دیا ہے۔

اسکی منظوری گزشتہ روز گورننگ بورڈ نے بھی دے دی ، میچ آفیشلز کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق بنایا گیا ہے۔ اس طرح اب کھلاڑیوں کی طرح امپائرز بھی ضابطہ اخلاق کے پابند ہونگے۔ وہ این او سی کے بغیر کسی ایونٹ کے لیئے معاہدہ نہیں کر سکیں گے۔

وکٹ ، موسم ، کھلاڑیوں کے بارے میں معلومات بھی کسی سے شیئر نہیں کریں گے ، آفیشلز کے سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی۔بیانات بھی جاری نہیں کر سکیں گے۔ کسی بھی نوعیت کی کرپشن اور ضابطے کی خلاف ورزی پر ان کو ایک سے 15 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔