حق پرست پاکستانی کچھی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لیاری کے مختلف علاقوں میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے کچھی برادری کے افراد پر جدید ترین ہتھیاروں سے پے درپے حملے کرنے اور کچھی برادری کے افراد کو ہلاک و زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے دہشت گردی سے متاثرہ کچھی برادری کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک ایک حق پرست پاکستانی اور ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن آپ کے غم میں برابر کاشریک ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی، زونوں، سیکٹروں اور یونٹوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ لیاری میں دہشت گردی سے متاثرہ کچھی برادری کے خاندان اپنی جان ومال اور عزت وآبرو کے تحفظ کیلئے پورے سندھ میں جہاں جہاں عارضی پناہ گاہوں میں آباد ہوئے ہیں وہاں کا متعلقہ زون، سیکٹر اور یونٹ کچھی مہاجرین کی ہر ممکن مدد کرے۔ الطاف حسین نے ٹھٹھہ، بدین اور کراچی کے علاقے ملیر اور بلدیہ ٹاون سمیت تمام علاقوں کے مخیر حضرات سے پرزور اپیل کی کہ لیاری میں دہشت گردی کے باعث نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کے مہاجرین جہاں کہیں بھی عارضی پناہ کیلئے آباد ہوئے ہیں۔

ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے، مخیر حضرات رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ان بے سہارا خاندانوں کی مدد کر کے ثواب دارین حاصل کریں۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ دہشت گردوں کی مسلح کارروائیوں کے باعث لیاری کے مختلف علاقوں سے کچھی برادری کی نقل مکانی کا فوری نوٹس لیا جائے اور بیدخل کئے گئے خاندانوں کو فی الفور ان کے گھروں میں بسایا جائے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے لیاری کے مختلف علاقوں میں نام نہاد پیپلز امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی جانب سے کچھی برادری کے گھروں پر مسلح حملے، کچھی برادر ی کے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے اور انہیں ان کے گھروں سے جبرا بیدخل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک عبادت کا مہینہ ہے اور اس ماہ مبارک میں لوگوں کی مدد کی جاتی ہے۔

لیکن جرائم پیشہ دہشت گردوں نے اس ماہ میں بھی قتل و غارتگری اور دہشت گردی کا بازار گرم کررکھا ہے، کچھی برادری کے گھروں پر مسلح حملوں کے باعث ہزاروں افراد سندھ کے مختلف شہروں میں نقل مکانی پر مجبور کر چکے ہیں اوران گھروں پرمسلح دہشت گردوں نے قبضے کرکے مورچے قائم کرلئے ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ لیاری کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کے خاندانوں کو واپس ان کے گھروں میں بسایا جائے، کچھی برادری کو جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں مسلح دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔