لاہور (جیوڈیسک) حکومت نے رہائشی علاقوں میں قائم سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا سلسلہ شروع کردیا، پہلے مرحلے میں لاہورکے 36 سی این جی اسٹیشنز کی گیس منقطع کردی گئی۔ اوگرا نے رہائشی علاقوں میں قائم 1700 سی این جی اسٹیشنز کو 10 روز کا نوٹس دیا تھا لیکن سوئی گیس حکام نے ان نوٹسز کے جواب کا انتظار کئے بغیر 36 اسٹیشنز کے میٹر کاٹ لئے ہیں۔
سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ ان کا کاروبار تباہ کیا جارہا ہے، سی این جی نہیں تو ایل پی جی یا پیٹرول فروخت کی اجازت دی جائے ۔ بند کیے جانے والے سی این جی اسٹیشنز کا عملہ بھی فارغ کر دیا گیا، عملے کے افراد کا کہنا ہے کہ اب نا جانے کب روز گارملے گا، بچوں کو کیسے پالیں گے۔ سی این جی اسٹیشن مالکا ن کا یہ بھی کہنا ہے۔
چند سال پہلے جب رہائشی علاقوں میں فلنگ اسٹیشن لگائے جارہے تھے تو متعلقہ ادارے کہاں تھے۔ سی این جی اسٹیشنز کے مالکان نے اچانک بندش کو زیادتی قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اربوں روپے سرمایہ کار کو ضائع کر نے کی بجائے ان کے ساتھ مذاکرات کر کے متبادل روز گار کے لئے پالیسی لائی جائے وگرنہ بے روز گاری کا ایک نیا طوفان سر اٹھائے گا۔