کراچی (جیوڈیسک) سوئی سدرن کی جانب سے سوئی نادرن کیلئے کوٹے سے زائد 20 ملین مکعب فٹ گیس فراہمی گذشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہے۔ انڈسٹر یذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کی آمد کے بعد سے اضافی گیس فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سوئی سدرن سے سوئی نادرن کا سپلائی کوٹہ 90 ملین مکعب فٹ ہے تاہم 110 ملین مکعب فٹ گیس دی جارہی ہے جس کے باعث پائپ لائنوں میں گیس حجم کم ہو رہا ہے۔
دوسری طرف سوئی سدرن گیس کمپنی ترجمان کے مطابق سوئی سدرن ، سوئی نادرن کو اضافی گیس نہیں دے رہی۔ ترجمان کے مطابق آدم، لطیف اور حسیب گیس فیلڈ سے سوئی نادرن کا کوٹہ کم تھا جو اب بالترتیب 10, 6 اور 4 ملین مکعب فٹ بڑھ گیا ہے جسکے باعث 110 ملین مکعب فٹ گیس سپلائی ہو رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کے پاس اضافی گیس موجود ہی نہیں کہ سوئی نادرن کو سپلائی کی جا سکے۔