اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں نواز شریف کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزارت داخلہ کا پہلا دورہ، وزیر اعظم کو ملکی امور پر بریفنگ دی گئی، میاں نواز شریف نے ملک کی حالیہ صورتحال پر سوالات بھی پوچھے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جمعہ کو وزارت داخلہ کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور اعلی دیگر حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ دورہ کے موقع پر وفاقی وزرا اسحاق ڈار، سینیٹر پرویز رشید، خواجہ آصف، وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی بھی موجود تھے۔
سیکریٹری داخلہ نے وزیر اعظم کو ملک میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور ملک کو درپیش چیلنجز اور سدباب کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دوران بریفنگ وزیر اعظم نواز شریف کو فاٹا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔