نیویارک (جیوڈیسک) پاکستان کی قابل فخر بیٹی ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ شدت پسند تعلیم اور کتابوں سے ڈرتے ہیں۔ اپنی سولہویں سالگرہ پراقوام متحدہ کی یوتھ اسمبلی سے خطاب میں ملالہ کا کہنا تھا وہ طالبان کے بچوں کو بھی تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتی ہیں۔ ملالہ یوسفزئی کو ان کی سولہویں سالگرہ پر اقوام متحدہ میں نوجوانوں سے خصوصی خطاب کی دعوت دی گئی تھی۔ اس موقع پر ملالہ کا کہنا تھا۔ تعلیم دنیا کے ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ قلم اور کتاب کے ذریعے دنیامیں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا اسلام امن کا مذہب ہے۔
ملالہ کا کہنا تھا طالبان کا حملہ فروغ تعلیم کے لیے ان کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا انتہا پسند قلم اور تعلیم کی طاقت سے خوفزدہ ہیں۔ ملالہ نے کہاوہ خود پرحملہ کرنے والے طالبان سے بھی نفرت نہیں کرتیں۔ ملالہ کا کہنا تھاوہ قائد اعظم، مارٹن لوتھر کنگ اور مدرٹریسا کی پیروکار ہیں۔
ملالہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی شال اوڑ ھ کر خطاب کرنا ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اپنے خطاب میں کہا ملالہ فروغ تعلیم کے مشن کی چیمپئن ہے۔ سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن بران نے ملالہ کو سالگرہ کی مبارک باد میں کہا پوری دنیا ملالہ کے ساتھ ہے۔