لاہور: وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، توانائی کے بحران پر قابو پا کر ہی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ لاہور میں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے ملاقات کی جس میں چیئرمین واپڈا نے وزیراعلی کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ واپڈا توانائی کے جاری منصوبے جلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کرے-انھوں نے کہا کہ حکومت روایتی طریقوں کے علاوہ توانائی کے متبادل ذرائع سے بھی بجلی کی پیداوار حاصل کرے گی۔
وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ لائن لاسز میں کمی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لئے مربوط حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی، آبپاشی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔