کراچی (جیوڈیسک) ڈائریکٹر آئی بی اور وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کراچی میں بدامنی کی وجوہات اور صورتحال کی بہتری کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔ تین گروپوں کی لڑائی کو بدامنی کی وجہ قراردیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان اور وفاقی سیکرٹری داخلہ نے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر کراچی کا دورہ کیا۔
دورہ کرنے والی ٹیم کو آئی جی سندھ اورڈی جی رینجرز نے تفصیلی بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق بریفنگ کے بعد دونوں افسران نے اپنی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کرلی ہے۔ابتدائی رپورٹ میں تین گروپوں کی باہمی لڑائی کو بد امنی کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں پولیس اہلکاروں کی تربیت، تھانوں میں نفری بڑھانے اور جدید اسلحے کی فراہمی کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں پولیس کو کال ٹریکنگ سسٹم کی سہولت دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔