کراچی، لاہور، مردان، ملتان، سوات میں سحری کے اوقات میں بجلی بند

Load Shading

Load Shading

کراچی (جیوڈیسک) بجلی کی پیداوار میں اضافے کے تمام دعوے دھرے رہ گئے، کراچی، لاہور، مردان، ملتان اور سوات سمیت کئی شہروں کے متعدد علاقوں میں سحری کے اوقات میں بجلی بند کر دی گئی۔ جس سے شہریوں کو روزہ رکھنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام نے دعوی کیا تھا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی لیکن دعوے، دعوے ہی رہ گئے۔

لاہور میں افطاری اور سحری میں بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی اور گیس غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگ لکڑیوں پر دیے کی روشنی میں سحری تیار کرنے پر مجبور ہیں۔

جبکہ بڑی تعداد میں شہری گھروں سے باہر سحری کرتے ہیں، لاہور کے علاقے مسلم ٹاون کے علاقے میں بجلی کے ساتھ گیس بھی غائب ہو گئی جس سے روزہ رکھنے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ مردان، مظفر آباد، ملتان، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان کے کئی علاقوں میں بھی آج سحری کے اوقات میں بجلی غائب ہے۔