لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی بحران سے نجات کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، بجلی چور وں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے۔ لاہورمیں بجلی اورگیس چوری روکنے کیلیے قائم ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے، بجلی اور گیس کی چوری ناقابل معافی جرم ہے۔
اس جرم میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے اور کوئی دباو خاطر میں نہ لایا جائے۔ اس سے قبل توانائی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لائن لاسز میں کمی کیلیے مربوط حکمت عملی تیار کی جائے۔ بجلی بحران سے جلد نجات کیلئے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے جلد ایسے منصوبے شروع کیے جائیں گے جن سے صوبے میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہو گی، شہباز شریف سے چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے ملاقات کی اور انہیں واپڈا کی کارکردگی اور منصوبوں ہر بریفنگ دی۔