کراچی (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ لیاری سے ہزاروں خاندانوں کی نقل مکانی حکومت کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، شہریوں سے اپنی چھت چھین لینا عذاب الہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اے این پی کے جاری کردہ بیان کے مطابق سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کمیٹیوں کو تشکیل دینے، نوٹس لینے اور زبانی جمع خرچ کے بجائے لیاری سے بے دخل کئے گئے غریب عوام کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں شہریوں سے اپنی چھت چھین لینا عذاب الہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، لیاری خاص طور پر گزشتہ کئی ہفتوں سے میدان جنگ بنا ہوا ہے، سیاسی مصلحت پسندی کی وجہ سے آنکھیں بندکر لینے کے نتائج انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
موقع پرست سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے شب و روز سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طویل عرصے سے ایک ساتھ رہنے والوں کو دست و گریباں کرنے کی سازشوں کے اصل محرکات کو سمجھنا ہو گا، چند مٹھی بھر دہشت گردوں کی وجہ سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی ارباب اختیار کی عدم توجہی کا عملی ثبوت ہے۔