کراچی (جیوڈیسک) کے علاقے مشرف کالونی پانچ سو کوارٹر میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے کارکن سمیت چار مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مخصوص گھروں کی تلاشی لی۔ دوران تلاشی مسلح افراد اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
جس کے بعد پولیس نے کالعدم تنظیم کے کارکن سمیت چار ملزموں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے تین کلاشنکوف، چار بال بم، ایک دستی بم اور تین پستول برآمد کر لئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بارہ سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔