روجھان (جیوڈیسک) میں پولیس نے چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن کے دوران تین ماہ قبل اغوا کئے گئے ڈاکٹر کو دو ساتھیوں سمیت بازیاب کرا لیا۔ مغوی پولیس اہلکاروں کی رہائی کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ آٹھ روز سے چھوٹو گینگ کیخلاف بر سرپیکار پولیس کو بالآخر پہلی کامیابی حاصل ہو گئی۔ تین اضلاع کی پولیس کو چکمہ دینے والے چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن کے دوران پولیس نے تین مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔ بازیاب کرائے گئے ڈاکٹر اور اس کے دوساتھیوں کو تین ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا۔
دوسری جانب مغوی پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے گھر گھر سرچ آپریشن کیا گیا۔ گن شپ ہیلی کاپٹرسے آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ سرچ آپریشن میں دس بکتر بند گاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔
پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کے باعث علاقہ مکین خوف وہراس کا شکار ہیں اورگھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوں کو مغویوں کی رہائی کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن بھی ختم ہوچکی ہے۔ ادھر کوٹ مٹھن پولیس نے چھوٹو گینگ کی آمد کی اطلاع پر دریائی راستے بند کر کے بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔