راجن پور (جیوڈیسک) راجن پور کے کچے کے علاقوں میں پولیس اور چھوٹو گینگ کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ آٹھویں روز بھی جاری ہے، پولیس اب تک کسی یرغمال اہل کار کو چھڑانے میں کامیاب نہیں ہو سکی تاہم ایک مغوی ڈاکٹر سمیت 3 افراد بازیاب کرالئے گئے۔
رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ پولیس کی بھاری نفری تحصیل روجھان میں شاہ والی، کچا لال، کچا کراچی، سونمیانی اور بنگلا اچھا میں ڈاکووں کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ ناکے بھی لگے ہیں، فضائی نگرانی بھی جاری ہے، مگر ڈاکو چھوٹو کا گینگ کہاں چلا گیا ہے کسی کو معلوم نہیں ، ڈی پی او رحیم یار خان سہیل ظفر کے مطابق پولیس نے چھاچرو شریف کے علاقہ سے مغوی ڈاکٹر خان وزیر، ان کے بھائی اور ملازم کو بازیاب کرا لیا ہے۔
جنہیں چھوٹو گینگ نے 11 اپریل کو ملتان کی بستی ملوک سے اغوا کیا تھا، لیکن نا تو کوئی اغوا کار گرفتار ہوا اور نا ہی کوئی مغوی اہل کار بازیاب ہوا۔ تاہم پولیس کا دعوی ہے کہ آٹھ یرغمال اہل کاروں کی بازیابی اور ڈاکووں کی سرکوبی تک آپریشن جاری رہے گا۔