روس میں ہولناک حادثہ، 18 افراد ہلاک، 25 زخمی

Russia

Russia

ماسکو (جیوڈیسک) روس کے دارالحکومت ماسکو کے نواحی علاقے میں ایک بس اور لاری کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت سے 40 کلومیٹر جنوب میں واقع اوزنوبیشین گائوں میں ہوا جس میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے۔ تصادم سے بس دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔

حکام نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کے لیے کل سوموار کو سوگ کا اعلان کیا ہے۔ روس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بس اور لاری کے ڈرائیور زخمیوں میں شامل تھے جنھیں ہسپتال لے جایا گیا۔ جائے حادثہ پر ایمبولنس کے تیس اہلکار جمع تھے اور بعض زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سے ہسپتال پہنچایا گیا۔

واضع رہے کہ روس میں ہر سال 25 ہزار افراد کار کے حادثوں میں مارے جاتے ہیں۔ ماسکو کے نائب میئر پیٹر بیریوکوو نے کہا کہ بس اپنے روٹ پر جا رہی تھی جب لاری نے اسے ٹکر ماری۔ انھوں نے کہا کہ امدادی کارکنوں نے مردہ اور زخمی افراد کو انتہائی خراب حالت میں باہر نکالا۔

روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ لاری کے ڈرائیور نے کئی گاڑیوں کو اورٹیک کیا اور جب اس نے بس کو ٹکر ماری تو وہ رانگ سائیڈ کی جانب جا رہی تھی۔ حادثے کے وقت بس میں ساٹھ افراد سوار تھے۔ ماسکو کے شعبہ صحت کے سربراہ جیورجی نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ بعض زخمی افراد کی حالت بہت زیادہ خراب تھی کیونکہ انھیں لاری کے گریول سے چوٹ لگی تھی۔