نائیجر (جیوڈیسک) نائجیریا کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں کئی اجتماعی قبروں کی دریافت سامنے آئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کی فوج نے شمال مشرقی شہر میدو گوری میں کئی اجتماعی قبروں کا پتہ چلانے کا دعوی کیا ہے۔ فوجی ترجمان صغیر موسی نے ایک بیان میں کہا کہ میدو گوری میں بوکو حرام گروپ کے انتہا پسندوں کے خلاف جو حالیہ کارروائیاں کی گئی تھیں۔
ان کے بعد وہاں کئی اجتماعی قبروں کا پتہ چلا ہے۔ درجنوں انتہا پسندوں کی ہلاکت کا باعث بننے والی کارروائیوں کے نتیجے میں زیر زمین سرنگوں کے کئی سلسلوں کا پتہ چلا لیا گیا اور وہاں چھپائے گئے ہتھیار برآمد کر لئے گئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے کی ان فوجی کارروائیوں سے متعلق تازہ بیان کے مطابق اجتماعی قبریں شدت پسندوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی ہیں۔ قبل ازیں ملکی فوج نے دعوی کیا تھا کہ انتہا پسندی سے متاثرہ بڑے شہروں سے تمام عسکریت پسندوں کو نکال دیا گیا ہے۔