سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) نے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج رولز 1971پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ایس ای سی پی کے ترجمان کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ تمام بروکروں کو نیٹ کیپٹل بیلنس کی رپورٹنگ کے لئے اب مجوزہ گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ہوگا۔
اسٹاک مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے اور مالی ضبط قائم رکھنے کے پیش نظر اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ بروکرز کمپنیوں کی انسپکشن کی جاتی ہے۔ جس کے ذریعے بروکریج کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاروں کے سرمایہ کے تحفظ کیلئے لازمی رسک مینجمنٹ کے اقدامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج رولز 1971 کی تشریح اور نیٹ کیپٹل بیلنس کی رپورٹنگ کے درست طریقہ کار کی وضاحت کے مدنظر بروکرز کے لئے گائیڈ لائنزجاری کی گئی ہیں۔ جن میں اسٹاک ایکسچینج میں متعارف ہونے والی نئی سروسز اور مصنوعات کی رپورٹنگ کے لئے بھی ہدایات شامل ہیں۔ یہ گائیڈ لائنز اسٹاک مارکیٹ کے تمام شراکت داروں کی مشاورت سے ترتیب دی گئی ہیں۔ جو کمیشن کی ویب سائٹ پر آویزاں کر دی گئی ہیں۔