ارجنٹائن کے سفیر کی وزیر صنعت و پیداوار سے ملاقات

Argentine Ambassador

Argentine Ambassador

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو جے مارٹن سراویا نے ملاقات کی اور دونوں ممالک میں صنعتی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے ارجنٹائن کے سفیر کو پاکستان میں بڑی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ ماضی میں پاکستان میں بڑی صنعتوں پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی اور اس شعبے میں پاکستان میں زیادہ سرمایہ کار موجود نہیں ہیں۔ اس لئے ارجنٹائن کے سرمایہ کار دوسرے سرمایہ کاروں سے برتری لیتے ہوئے سرمایہ کاری میں پہل کریں اور اس سرمایہ کاری کے خلا سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ وزارت صنعت و پیداوار اپنے ماتحت چلنے والے انڈسٹریل زونز اور انڈسٹریل پارکس میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے بتایا کہ وزارت صنعت و پیداوار صنعتی پالیسی پر بھی دوبارہ کام کررہی ہے۔ جسے جلد ہی منظوری کے بعد نافذ کر دیا جائے گا۔ ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ ارجنٹائن کی معاشی اصلاحات کی وجہ سے نقصان میں جانے والے بہت سے حکومتی ادارے اب منافع بخش ادارے بن چکے ہیں۔