لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں تیز ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار تو ہو گیا مگر نشیبی علاقوں میں گھٹنے گھٹنے پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔بعض سڑکوں پرپانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہو گیا۔ ساون کی پہلی تاریخ، جھڑی لگ گئی ہر سوساون رت کے رنگ بکھر گئے۔ سحری کے بعد فضا میں کالی گھٹائیں پھر یرے لینے لگیں۔
تیز ہواوں کے ساتھ گھٹائیں یوں کھل کر برسیں کہ جل تھل ایک ہو گیا۔ گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار۔ روزے داروں نے اطمینان کا سانس لیا۔لکشمی چوک، ایمپریس روڈ، ڈیوس روڈ ،فلیمنگ روڈ ،جی پی اوچوک، محمد نگر، مال روڈ، گورنر ہاوس روڈ،نسبت روڈ،کچا نسبت روڈ اور مین بازار گوالمنڈی سمیت دیگر علاقے پانی سے بھر گئے۔
سڑکوں پر ٹریفک رینگتی رہی، کئی مقامات پردرخت اور بڑے سائن بورڈ بھی گر گئے اور گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور اور گردونواح میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔