کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بے امنی کے شکار علاقے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے درمیان تصادم کے باعث علاقہ مکینوں کی زندگی دوبھر ہوگئی ہے، درجنوں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ جو وہاں موجود ہیں ڈر اور خوف کے سائے میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ لیاری میں کئی روز کی کشیدگی کی وجہ سے وہاں کے رہائشیوں کی زندگیاں اجیرن ہو گئی ہیں۔
حکومت کی بے حسی اور نااہلی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے تصادم کے بیچ پھنسے عوام نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ گلیاں سنسان ہیں جبکہ کلری محلے میں مکانوں کی دیواروں اور دروازوں پر گولیاں کے نشان اس بات کا ثبوت پیش کر رہی ہیں کہ جب حالات قابو سے باہر ہوتے ہیں تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہتا۔ متاثرین کی خبر لینے ڈکمشنر ساوتھ مصطفی جمال قاضی ہر دوسرے دن لیاری پہنچ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بہتر ہے کہ اگر دونوں گروپ آپس میں بیٹھ کر معاملات طے کر لیں۔
پولیس کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں پکٹس لگائی گئی ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ علاقے میں امن برقرار رہے، لیکن ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو کے مطابق یہ کام اتنا آسان نہیں ہے۔ جو لوگ لیاری چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں وہ اب بھی اپنے گھروں کو لوٹ کر نہیں آ سکے۔ لیاری میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث کوئی ایک مخصوص برادری نہیں بلکہ پورے لیاری کے مکین پریشان نظر آرہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کے سندھ حکومت ایسے اقدامات کرے کہ انہیں اور ان کے بچوں کو تحفظ مل سکے۔