مصر : امریکی ایلچی کا مسائل کے حل کے لئے مذاکرات پر زور

U.S.

U.S.

امریکا (جیوڈیسک) کے خصوصی ایلچی ولیم برنز کا کہنا ہے مصر کے مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے، دوسری جانب معزول صدر کے حامیوں اور مخالفوں نے امریکی سفیر سے ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سیاسی انتقام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ تین جولائی کو فوج کے ہاتھوں محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد ولیم برنز پہلے امریکی ہیں جو مذاکرات کے لئے قاہرہ پہنچے۔ فوج کے سربراہ، عبوری صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مصری ٹی وی پر بات چیت کرتے ہوئے برنز نے تشدد ختم کرنے اور بحران کے پر امن حل پر زور دیا۔

ادھر اخوان المسلمین کے رہنما فرید اساعیل کا کہنا ہے کہ محمد مرسی اور پارلیمنٹ کی بحالی تک امریکا یا یورپ کے کسی بھی نمائندے سے ملاقات نہیں کریں گے۔ دوسری جانب محمد مرسی کے خلاف چلنے والی مہم تمرود کے رہنماں نے بھی امریکی سفیر سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے اسے اندرونی معاملات میں غیر ملکی مداخلت قرار دیا ہے۔

معزول صدر کے حامیوں کا قاہرہ، اسکندریہ اور ال نصر سمیت دوسرے شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ قاہرہ میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اخوان المسلمین کے سات سینئر رہنماں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ان پر لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا الزام ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے عبوری حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ سیاسی رہنماں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔