چکوال کی خبریں 15.07.2013

تھانہ صدر چکوال کے علاقے جبیرپور میں خاوند نے بھائی اور بہنوں کے ساتھ مل کربیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا
چکوال : تھانہ صدر چکوال کے علاقے جبیرپور میں خاوند نے بھائی اور بہنوں کے ساتھ مل کربیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا۔ مقتولہ عنبرین کو اس کے خاوند انوار نے بھائی کامران، نسرین اور سلیم اختر کے ساتھ مل کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور زہر دے کر قتل کر دیا۔مقتولہ کی والدہ زرداں بیگم کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پر صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تھانہ ڈھڈیال کے علاقے جیٹھل میں نوجوان کو اغواء کر لیا گیا۔ملزمان عتیق، رب نواز وغیرہ نے زین عباس کو موٹر سائیکل سمیت اغواء کرلیا
چکوال : تھانہ ڈھڈیال کے علاقے جیٹھل میں نوجوان کو اغواء کرلیاگیا۔ملزمان عتیق، رب نواز وغیرہ نے زین عباس کو موٹر سائیکل سمیت اغواء کرلیا۔ اور جنگل کی طرف لے گئے۔ بعد ازاں مغوی کو منگوال روڈ پر چھوڑ دیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ شہری دفاع کے رضا کار ہر وقت بلاخوف و خطر و لالچ کے اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہے ہیں
چکوال : محکمہ شہری دفاع کے رضا کار ہر وقت بلاخوف و خطر و لالچ کے اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ بات آج یہاں محکمہ شہری دفاع کے دفتر میں چیف وارڈن راجہ مجاہد افسر نے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجتماع میں چیف انسٹرکٹر طالب حسین ، محمد ریاض انچارج سول ڈیفنس مظہر صدیق اعوان کے علاوہ رضا کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ شہری دفاع کے رضا کار نامساعد حالات میں ملی جذبہ کے تحت انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے یہں۔ اور جہاں جب بھی شہری دفاع کے رضا کاروں کی ضرورت پڑی تو انہوں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطبہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف انسٹرکٹر محمد ریاض نے فائر فائٹنگ کے حوالے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ شہری دفاع کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے امسال ضلعی ہیلتھ میلہ میں محکمہ ہذا کا دوسرا انعام جبکہ ڈی سی او چکوال کی جانب سے تعریفی اسناد بھی ملی۔ چیف انسٹرکٹر طالب حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ جس کے مطابق ضلع چکوال میں محکمہ ہذا نے چھ ماہ جنوری تا جون2013ء میں نئے آنے والے رضا کاروں کو 18کورسز کروائے گئے۔ اس کے علاوہ 483افراد کے علاوہ سرکاری ملازمین اور تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو شہری دفاع کی خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی، انہوں نے بتایا کہ اس دوران محکمہ شہری دفاع نے ضلعی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں فائر فائٹنگ کے قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے والی36عمارتوں کے چالان کئے گئے اور2لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ اسی طرح شہر بھر میں فائر فائٹنگ کے تسلی بخش انتظامات نہ کرنے پر200عمارتوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے جس میں اسی بلند و بالا عمارتیں بھی شامل ہیں۔ انچارج محکمہ شہری دفاع مظہر صدیق اعوان نے اپنے خطاب میں محکمہ شہری دفاع اور بالخصوص رضا کاروں کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری دفاع کے رضا کار اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار رمضان المبارک میں صبح آٹھ سے پانچ بجے شام تک بازاروں و اہم مقامات پر بڑی جانفشانی اور تن دہی سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں جو کہ ایک خوش آئند امر یہ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی و چیف وارڈن راجہ مجاہد افسر نے پچیس رضا کاروں کو مفت وردی کی فراہمی کے لیے 85ہزار روپے کی نقد رقم محکمہ شہری دفاع کے افسران کو پیش کی۔ یہ وردیاں رضاکاروں کو دو سے تین یوم کے اندر مہیا کر دی جائیں گی۔ محکمہ شہری دفاع کے افسران اور رضا کاروں نے مہمان خصوصی کے وردیوں کے عطیہ پر اپنے تشکر کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او چکوال یاور حسین نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے رمضان بازاروں میں عام صارفین کو روزمرہ کی اشیاء ضروریہ مزید سستے داموں میسر آئیں گی
چکوال : ڈی سی او چکوال یاور حسین نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے رمضان بازاروں میں عام صارفین کو روزمرہ کی اشیاء ضروریہ مزید سستے داموں میسر آئیں گی۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں ڈی او انڈسٹری ،سیکرٹری پرائس کنٹرول کمیٹی چکوال عرفان یوسف کی جانب سے اشیائے ضروریہ کے نرخوں کے حوالے سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہی اس موقع پر انہوںنے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کی جانے والی مانیٹرنگ ٹیم نے کھیت سے منڈی اور بازاروں تک اشیاء کی قیمتوں پر کڑی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے بنیادی اشیاء ضروریہ کے ریٹ کم ترین سطح پر آ گئے ہیں۔ ڈی سی او نے مانیٹرنگ اور تمام متعلقہ افسران کو واضح ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نگرانی رکھی جائے اور متعلقہ افسران منڈیوں، بازاروں اور سستا بازاروں کا دورہ کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔ اور عوام الناس کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کے حصول کے عمل کو یقینی بنائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مقامی انتظامیہ نے اشیائے خوردونوش کے باقاعدہ سرکاری ریٹ مقرر کر دئیے ہیں اور مذکورہ سرکاری ریٹ نافذ بھی کر دئیے گئے ہیں
چکوال : مقامی انتظامیہ نے اشیائے خوردونوش کے باقاعدہ سرکاری ریٹ مقرر کر دئیے ہیں اور مذکورہ سرکاری ریٹ نافذ بھی کر دئیے گئے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف تاجروں اور دکانداروں نے انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ ریٹس پر اشیاء فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔تاہم انتظامیہ کی طرف سے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف احکامات پر عمل نہ کرنے پر کوء کاروائی نہیں کی جا رہی۔ انتظامیہ کے مطابق ٹماٹر سو روپے سے کم ہو کر چالیس روپے فی کلو، لیموں ایک سو دس روپے سے کم ہو کر ستر روپے شملہ مرچ چالیس روپے سے کم ہو کر پچیس روپے ، سبز مرچ اسی روپے سے کم ہو کر چھتیس روپے بھنڈی توری چھپن روپے سے کم ہو کر چونتیس روپے فی کلو گرام پالک چالیس روپے سے کم ہو کر پچیس روپے، کریلہ پچاس روپے سے کم ہو کر چونتیس روپے کم ترین سطح پر آ گئے ہیں۔ اسی طرح پھلوں میں آم سندھڑی ایک سو پانچ روپے سے کم ہو کر پچہتر روپے، آلوبخارا ایک سو بیس روپے سے کم ہو کر نوے روپے، جامن اسی روپے سے کم ہو کر ساٹھ روپے کی سطح پر آ گئے ہیں۔بازاروں اور مارکیٹ میں انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ درج بالا ریٹوں پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا جبکہ ڈی سی او چکوال نے بھی اجلاس منعقد کر کے کاغذی کاروائی پوری کر دی ہے۔ جو ریٹ انتظامیہ نے مقرر کیے ہیں تمام اشیاء اس سے ڈبل قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے آئے روز ریٹ مقرر کرنے پر تعجب کا اظہار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ اپنے احکامات پر عملدرآمد نہیں کروا سکتی تو روز روز ڈرامہ بازی کی کیا ضرورت ہے انتظامیہ اور ڈی سی او چکوال واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو وہ بازاروں میں جا کر مہنگائی کی صورتحال چیک کریں۔ تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ غریب عوام ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں کیسے لٹتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چھپڑ بازار میں ناجائز تجاوزات مافیا کا مکمل طور پر قبضہ خریداری کے لیے آئی ہوئی خواتین اور دیگر افراد کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہاہے
چکوال : چھپڑ بازار میں ناجائز تجاوزات مافیا کا مکمل طور پر قبضہ خریداری کے لیے آئی ہوئی خواتین اور دیگر افراد کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہاہے۔چھپڑ بازار اوراس کے ساتھ ملحقہ گلیوں میں ناجائز ٹھیے قائم کیے گئے ہیں۔ چھوٹی گلیوں کے دونوں اطراف بڑے بڑے ٹھیے لگائے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے گلی میں سے ایک اکیلا شخص بھی بڑی مشکل سے گزرتاہے۔ دوسری طرف دور دراز کے دیہاتوں سے آئی ہوئی
خواتین کو خریداری کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی انتظامیہ کی طرف سے ناجائز تجاوزات مافیا کے خلاف کاروائی نہ ہونیکی وجہ سے بازار سیکورٹی رسک بن چکا ہے اور عوام دشمن عناصر موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مذموم کاروائیاں کسی وقت بھی کر سکتے ہیں۔ ڈی سی او چکوال فوری طور پر بازار کا دورہ کریں اور اپنی نگرانی میں تجاوزات کا خاتمہ کروائیں۔